بنگلورو،20؍اکتوبر(ایس او نیوز) کنٹیروا اسٹیڈیم کے طرز پر شہر میں چار مقامات پر اسٹیڈیموں کی تعمیر کے لئے 17کروڑ روپیوں کا فنڈ منظور کیا گیا ہے۔ یہ اعلان آج نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کیا۔ کنٹیروا اسٹیڈیم کے احاطے میں موجود تجدید شدہ انڈور اسٹیڈیم کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ گزشتہ بجٹ میں کنٹیروا اسٹیڈیم کے طرز پر شہر کے دیونہلی ، تاورے کیرے ، گنجور اور ایچ ایس آر لے آؤٹ میں ان اسٹیڈیموں کی تعمیر کے لئے منظوری دی گئی ہے۔ دو مقامات پر کام شروع ہونے کے قریب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنٹیروا اسٹیڈیم کامپلکس کی تعمیر وترقی کے لئے کئی منصوبے مرتب کئے گئے تھے، ان میں سے یہاں کے بیت الخلاء کامپلکس کی مرمت دو کروڑ روپیوں کی لاگت پر کی گئی ہے۔ گیارہ سال قدیم سنتھیٹک ٹراک کو 3.5کروڑ روپیوں کی لاگت سے بدلنے کے لئے ٹنڈر طلب کیا گیا ہے، ایک ماہ کے اندر کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ کنٹیروا اسٹیڈیم کی تجدیدکا پورا کام 5.77کروڑ روپیوں کی لاگت پر کیا جارہا ہے، اس تجدیدی منصوبے میں تین باسکٹ بال کورٹس کو بین الاقوامی معیار تک بڑھانے کا بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان باسکٹ بال کورٹوں کی تعمیر کا جائزہ لینے کے بعد پارلیمانی کمیٹی نے انہیں بہترین قرار دیا ہے۔ یہاں پر جو بیاڈمنٹن کورٹ تعمیر کیا گیا ہے اس کی معیار کو سراہتے ہوئے نیشنل بیاڈمنٹ اسوسی ایشن نے اسے پانچ اسٹار دئے ہیں۔ کنٹیروا اسٹیڈیم کے احاطے میں ہی دو کروڑ روپیوں کی لاگت سے ایک ہائی ٹیک جم تعمیر کی گئی ہے، اس جم میں اتھیلیٹوں کے لئے درکار ورزشی اوزار ایک ہفتے کے اندر نصب کردئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ 28اکتوبر سے 3؍ نومبر تک کنٹیروا اسٹیڈیم کے احاطے میں فیبا ایشیائی ویمنس ہاکی مقابلے منعقد ہوں گے۔ 27 اکتوبر کو گورنر واجو بھائی والا مقابلوں کا رسمی افتتاح کریں گے۔